رویت ہلال کا تنازعہ حل کرنے کیلئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا بریفنگ دینے کا فیصلہ


اسلام آباد : رویت ہلال اور دیگر مذہبی تہواروں پر اختلاف ختم کرنے کے لیے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اہم قدم اٹھا لیا ہے، ان کی وزارت اب  رویت ہلال کمیٹی سینیٹ،  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹیوں کو بریفنگ دے گی۔

ذرائع کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی سائنٹفیک کمیٹی تمام کمیٹیوں کو چاند کی پیدائش پر بریفنگ دے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ دیگر تمام کمیٹیوں کو چاند دیکھنے کے جدید طریقوں پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذرائع کے مطابق بریفنگ دینے کا مقصد آئندہ عید سمیت دیگر مذہبی تہواروں پر اختلاف کو ختم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پہلا روزہ 25 اپریل کو ہو گا، فواد چوہدری

یاد رہے کہ فواد چوہدری نے گزشتہ ماہ دعویٰ کیا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی نے ذیعقد اور رجب دونوں مہینوں کے چاند کی غلط تاریخ دی۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ عید اور اسلامی تہوار تقسیم نہیں بلکہ اتحاد کا باعث بننے چاہیئیں اس لیے ان کی وزارت مارچ میں پارلیمان کی مذہبی امور کی کمیٹیوں کو بریفنگ دے گی۔

مزید پڑھیں : ’رویت ہلال کے معاملے میں سائنس پر بھروسہ کریں‘

اس سے قبل وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ عوام کو چند افراد پر بھروسہ کرنے کی بجائے سائنس اور جدید ٹیکنالوجی پر اعتماد کرنا چاہیئے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائیٹ‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ قمری کیلنڈر کے بعد رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت باقی نہیں رہی تاہم چاند دیکھنے کے معاملے پر حتمی فیصلہ کابینہ کرے گی۔

مزید پڑھیں : قیام پاکستان میں علما کا کردار:مفتی منیب کا فواد چوہدری کو جواب

ان کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ جو وزیر دین کی حساسیت سے واقف نہیں اسے دینی معاملات پر بات کرنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں