مسلمانوں کے قتل عام نے ہندوستان کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی، فردوس عاشق

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دہلی میں مسلمانوں کے قتل عام نے ہندوستان کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ہندو جنونی پاگل جتھوں نے بے گناہوں کا خون بہا کر دو قومی نظریے کی صداقت کو تسلیم کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے نظریے کی سچائی کی گواہی آج ہر بے گناہ بھارتی مسلمان کا گرتا ہوا لہو دے رہا ہے اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام بھارت میں رہنے والی اقلیتوں کو واضح پیغام ہے کہ ان کی بھارت میں جان و مال محفوظ نہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر ظلمت اور شب خون کی داستان نئی نہیں بلکہ مودی کے دور میں ہندو انتہا پسندی عروج کو جا پہنچی ہے اور آج مودی کا فسطائی نظریہ بانیان ہندوستان کے فلسفے پر کالک مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں آج اقلیتیں تباہ حال ہیں اور معاشرہ منقسم ہے۔


متعلقہ خبریں