اسلام آباد: معروف مگر متنازع ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے اداکار محمود اسلم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے آپ جیسے بہت سے بادشاہوں کو فقیر بنا دیا ہے۔
اداکار محمود اسلم نے چند روز قبل یہ بیان دیا تھا کہ اداکار بادشاہ ہوتا ہے اور اس کا کوئی متبادل نہیں ہوتا۔
اپنے بیان کی حق میں انہوں نے دلیل دی تھی کہ اگر ایسا نہ ہوتا تو خلیل الرحمان قمر کی فلم کاف کنگنا ہٹ نہ ہو گئی ہوتی؟
اس بیان کے جواب میں لکھاری خلیل الرحمان ان پر برس پڑے اور کہا کہ ’آپ کہتے ہیں کہ میں بادشاہ ہوں، میں نے آپ جیسے بہت سے بادشاہوں کو فقیر بنا دیا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’منفرد تصویر‘ کی وجہ سے مومنہ مستحسن تنقید کی زد میں
انہوں نے مزید کہا کہ لکھاری نہیں اداکار بےجان ہوتے ہیں، یہ ہم لکھاری ہی ہیں جو اداکاروں میں جان ڈالتے اور انہیں آواز بخشتے ہیں۔
خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ یہ ہم ہی ہیں جو انہیں آواز دیتے ہیں، وہ اس طرح سے لکھاریوں کی تضحیک نہیں کر سکتے۔
انہوں نے محمود اسلم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد نے آپ کو آواز اور پہچان بخشی اور آپ اداکار بنے، کیا آپ خود نہیں جانتے کہ آپ کون ہیں؟
معروف ڈرامہ نویس کا غصہ اس پر بھی ٹھنڈا نہ ہوا اور انہوں نے کہا کہ اداکار بادشاہ نہیں ہوتے، ان کی کوئی سلطنت نہیں ہوتی، جو بھی پراڈکٹ اسکرین پر آتی ہے وہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میں ماہرہ خان سے زیادہ باصلاحیت ہوں، میرا
انہوں نے اس ٹیم ورک سے بھی پہلے لکھاریوں کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہوتی ہے کیونکہ اگر لکھاری نہ ہوں تو اداکار صرف پتھروں سے بنا بےزبان بُت ہے۔
انٹرٹینمنٹ پاکستان کو دیے گئے انٹرویو میں خلیل الرحمان قمر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے محمود اسلم سے معذرت کی تھی کہ ایسا کرنے سے حالات بہتر ہو جائیں گے تاہم اب مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ میں نے ان سے معذرت بھی کیوں کی۔