ریاض: سعودی عرب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عمرہ کی ادائیگی کے لیے ملک میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق تمام مسافروں پر سعودی عرب میں داخل ہونے پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے منتقل ہونے کے شدید خطرہ کے پیش نظر پابندی لگائی جا رہی ہے تاہم یہ اقدامات عارضی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عالمی اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: ماسکس کی مہنگے داموں فروخت، سندھ ہائی کورٹ نے حکومت سے جواب طلب کرلیا
سعودی وزارت خارجہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ وائرس سے متاثرہ ممالک کا سفر کرنے سے گریز کیا جائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور سیکرٹری مذہبی امور کی آج سعودی سفیر نوا ف بن سید ال مالاكی سے سعودی سفارت خانے میں ملاقات؎ ہوئی جس کے دوران عمرہ زائرین پر پابندی اور حج کے حوالے سے دیگر معاملات زیر بحث آئے۔
سعودی سفیر نے واضح کیا کہ عمرہ زائرین پر پابندی عارضی طور پر ہے اور جن زائرین کے ویزا ایکسپائر ہونے والے ہیں ان کے ویزا میں توسیع کرا دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پابندی صرف پاکستانی زائرین پر عائد نہیں ہے بلکہ 22 اور ممالک بھی شامل ہیں۔
یہ بھی جانیں: اسلام آباد: ماسک مہنگے داموں فروخت کر نے پر پابندی
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کی حفاظت کے لئے مناسب میکانزم تیار کرنے کے بعد پابندی اٹھا لی جائے گی۔
اس موقع پر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اس سلسلے میں سعودی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی۔
اسی سلسلے میں اگلے ہفتے پھر سے میٹنگ کرنے پر اتفاق ظاہر کیا گیا۔
نورالحق قادری کا مزید کہنا تھا کہ حج کے انتظامات کے حوالے سے تمام معاملات نارمل طریقے جاری رہیں گے۔