ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، فردوس عاشق اعوان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا پر ثابت کر دکھایا کہ ہماری امن پسندی کمزوری نہیں ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 27 فروری کے حوالے سے لکھا کہ آج کے دن ہماری بہادر افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اسی لیے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے آج کے دن بھارتی غرور کا بت پاش پاش کر دیا اور پاکستان نے دنیا پر ثابت کر دکھایا کہ ہماری امن پسندی کمزوری نہیں ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ دنیا نے جان لیا ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی اور دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہمارے گھر میں گھسنے کی جو بھی کوشش کرے گا اس کا انجام وہی ہو گا جو 27 فروری 2019 کو بھارتی طیاروں کا ہوا تھا۔ ہم نے اپنی مرضی اور وقت پر بھارتی نام نہاد اسٹرائیک کا زعم خاک میں ملا دیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں اور پر امن بقائے باہمی کے اصول کا قائل ہے لیکن اگر جارحیت مسلط کی گئی تو 27 فروری کا سرپرائز دشمن کو پھر یاد دلائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت خطرناک رستے پہ چل پڑا ہے، واپسی مشکل ہے: عمران خان

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج قوم اس عزم کی تجدید کے ساتھ یہ دن منا رہی ہے کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف قوم یک زبان اور سربکف ہے۔

یہ بھی پڑھیں ’سرپرائز ڈے‘پر افواج پاکستان کو خراج تحسین


متعلقہ خبریں