پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تعاون سے پیش کیے جانے والے ہم ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈرامہ ’عہد وفا‘ کی آخری قسط سینما گھروں میں دکھائی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے اشتراک سے مومنہ درید (ایم ڈی) پروڈکشنز کی پیشکش ڈرامہ سیریل ’عہد وفا‘ جو کہ وطن کی مٹی سے کیے گئے عہد وفا کی داستان ہے۔ ڈرامہ سیریل میں دوستی کے لازوال جذبے اور وطن سے محبت کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عہد وفا کے ’ملک شاہ زین‘ اور ’شہریار‘ نوجوانی میں کیسے دکھتے تھے؟
’عہد وفا‘ چار نوجوانوں کی دوستی اور زندگی میں آئے اتار چڑھاؤ کی کہانی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دھرتی ماں کی بقا اور سلامتی کے لیے کس طرح یہ لوگ اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔
ایم ڈی پروڈکشنز کے اس ڈرامہ نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور عوام کی جانب سے بے تحاشہ پذیرائی اور پسندیدگی کے اظہار کی وجہ سے ڈرامہ کی آخری قسط سینما گھروں میں دکھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
’عہد وفا‘ کی آخری قسط آئندہ ماہ کی کسی تاریخ کو سینما گھروں میں دکھائی جائے گی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ مذکورہ ڈرامے کی آخری قسط کو ٹی وی پہ نشر کرنے سے قبل سینما گھروں میں دکھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تیری ایک ادا کے نام کیا، ’عہد وفا‘ کا آفیشل گانا ریلیز ہوتے ہی چھا گیا
ہم ٹی وی کے ترجمان نصر خان نے بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’عہد وفا‘ کی آخری قسط سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
نصر خان نے تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرامے کی آخری قسط کو ملک بھر کے منتخب سینما گھروں میں دکھایا جائے گا جب کہ ٹی وی پر آخری قسط ایک دن بعد نشر کی جائے گی۔
’عہد وفا‘ کی آخری قسط کا ٹریلر کل سہ پہر 03:00 بجے ریلیز کیا جائے گا۔
اس ڈرامہ سیریل میں مرکزی کردار احد رضا میر نے بطور فوجی افسر کے ادا کیا ہے جب کہ دیگر اداکاروں میں عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر، وہاج علی، علیزے شاہ، حاجرہ یامین، زارا نور عباس اور عدنان صمد خان شامل ہیں جب کہ ڈرامے کی ہدایات کے فرائض سیفِ حسن نے سرانجام دیے ہیں۔
ڈرامہ سیریل کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ ڈرامہ 24 اقساط پر مبنی تھا مگر عوامی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس کی مزید دو اقساط ریکارڈ کی گئی تھیں۔