اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملکی معیشت کو درپیش چیلنجوں پر قابو پالیا ہے اوراب ہم ترقی کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
ہرماہ 80 ہزار لوگوں کو بغیر سود قرض دیا جائےگا، وزیراعظم
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے ان سے ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں سے ہونے والی ملاقات کی بابت ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ وفد نے پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔ وفد نے حکومت کی سرمایہ کاری کی پالیسیوں کو بھی سراہا۔
ذرائع کے مطابق وفد کے اراکین نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اپنی سرمایہ کاری پر بڑے منافع کی توقع ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل پاکستان کے وزیراعظم کے وژن کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعظم کی قیادت کے تحت پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار میں آسانیوں سے متعلق عالمی رپورٹ میں ہماری درجہ بندی 28 درجے بہتر ہوئی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کو بتایا کہ پاکستانی سرزمین پر کاروبار کرنے کے بے انتہا مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں کیلئے مثالی مواقع فراہم کرتا ہے جہاں باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ ترقی کے لامحدود مواقع ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت روزگار پیدا کرنے کی اسکلز پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ کے پسماندہ طبقات کے لیے احساس پروگرام کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
عمران خان کو چاپلوسوں، چغل خوروں سے دور رہنے کا مشورہ
ہم نیوز کے مطابق ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور اسٹیٹ بینک کے گورنر سیّد رضا باقر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔