سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان انتقال کرگئے


کراچی: سابق میئر کراچی اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما نعمت اللہ خان 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ہم نیوز کے مطابق اگست 2001 سے جون 2005 تک کراچی کے میئر رہنے والے نعمت اللہ خان عرصہ دراز سے علیل تھے۔

جماعت اسلامی کے رہنما کو گزشتہ شب طبعیت بگڑنے پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔

مزید پڑھیں: سینئر ن لیگی رہنما چوہدری عبدالستار وریو انتقال کرگئے

نعمت اللہ خان جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماؤں میں شمار کئے جاتے تھے اور ان کے دورِ نظامت کو کراچی کے رہائشی آج بھی یاد کرتے ہیں۔

اس دوران شہر قائد میں کئی منصوبوں کو پائے تکمیل تک پہنچایا گیا جبکہ شہر کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے کئی نئے منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا۔

وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر بھی رہے۔

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور حکومت میں بننے والے بلدیاتی نظام کے لاگو ہونے کے بعد انہیں کراچی کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی جو انہوں نے بھرپور انداز میں نبھائی۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی بیٹی انتقال کر گئیں

ان کے دور میں کراچی میں 18 فلائی اوورز، چھ انڈر پاسز اور دو سگنل فری کاریڈورز بنے۔ ان دنوں خبروں کی زینت بننے والا کے فور منصوبہ پر غور اور پلاننگ سب سے پہلے ان ہی کے دور میں ہوئی۔

شہر کی بڑھتی آبادی اور سفری ضروریات دیکھتے ہوئے گرین لائن بس منصوبے کے تحت سویڈن سے بسیں درآمد کی گئیں۔

انہوں نے اپنے عہدے سے 2005 میں استعفیٰ دے دیا تاہم وہ اگلے بلدیاتی انتخابات میں جیت حاصل نہ کرسکے اور اس وقت کے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما مصطفیٰ کمال کو نئے میئر کراچی بن گئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نے نعمت اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے مرحوم نعمت اللہ خان کی مغفرت کیلئے دعا کی۔

نعمت اللہ خان کے بعد کراچی کے میئر بننے والے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنما شہر قائد کا اہم اثاثہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کررکھا تھا کہ ان کے بارے ایک لفظ نہیں بولوں گا، وہ کراچی کی بڑی آواز تھے۔


متعلقہ خبریں