چوہدری نثار کی لندن سے وطن واپسی

چوہدری نثار مقررہ وقت پر دوبارہ نظر آئیں گے، شاہد مسعود

فوٹو ہم نیوز


اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان دورہ برطانیہ کے بعد پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق چوہدری نثار 14 روزہ دورے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 786 پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔

چوہدری نثار اسلام آباد ایئرپورٹ سے آبائی گھر کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کو ریلوے کی زمین دینے کے لیے تیار ہیں، شیخ رشید

ن لیگ کے سابق رہنما 11 فروری کو لندن روانہ ہوئے تھے جس کے بعد سے پاکستان میں ’لندن پلان‘ کی بازگشت شروع ہوگئی تھی۔

ان کی روانگی سے ایک روز قبل ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خلاف لندن پلان بن رہا ہے۔

تجزیہ کار اویس توحید نے پروگرام ’ایجنڈا پاکستان‘ میں کہا تھا کہ چوہدری نثار اور شہباز شریف کی لندن میں موجودگی سے لگتا ہے کہ ایک بار پھر اندرون خانہ کوئی بات چیت چل رہی ہے۔

مزید جانیں: ‘تحریک انصاف حکومت کے خلاف لندن پلان بن رہا ہے’

سینئر تجزیہ کار منیزے جہانگیر نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ اندرون خانہ بات چیت جاری ہے لگتا ہے کہ ڈیل یا ڈھیل دی جا رہی ہے۔

13 فروری کو وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مارچ میں کسی ’سیاسی حادثے‘ کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطرہ صرف مولانا فضل الرحمان سے ہے، ان کو فری ہینڈ نہیں ملے گا انہیں دھر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ جتنی مرضی لندن پلان بنالیں قومی اسمبلی میں شہباز شریف سڑکوں پر نہیں آ ئیں گے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی صرف میڈیا میڈیا کھیلے گی۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز باہر نہیں جائیں گی۔


متعلقہ خبریں