مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آنا شروع، ادارہ شماریات


اسلام آباد: ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے جس کے سبب ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کم ہو کر 15.97 فیصد پر آگئی ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ انہی دنوں میں یہ شرح 20 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ گزشتہ ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں جب کہ 9 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق انڈے 6 روپے سستے ہو کر فی درجن نرخ 96 پر آگئے، چکن 10 روپے سستا ہوکر فی کلو کی قیمت 163 روپے ہوگئی ہے۔

ٹماٹر 3 روپے کلو سستے ہوکر قیمت 43 روپے پر آگئی جب کہ چینی، آلو، گڑ، لہسن، دال چنا، مسور اور آٹا بھی سستا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی، دال ماش اور مونگ کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ہوئی ہے۔ پیاز کی قیمت ساڑھے دس روپے بڑھ نے کے بعد 66 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

چاول، گھی، سرسوں کا تیل، دہی اور  گوشت کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے بریڈ سمیت 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکا م رہا۔

گزشتہ ماہ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 15 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں دالیں، گائے کا گوشت، چائے، چکن اور چینی بھی شامل تھیں۔


متعلقہ خبریں