’احساس پروگرام وزیراعظم کے قابل قدر ویژن کا عکاس ہے‘

 پسماندہ طبقے کی فلاح حکومت کی اہم ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ احساس پروگرام وزیراعظم عمران خان کے قابل قدر ویژن کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ احساس آمدن پروگرام غربت کے خاتمے اور فلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے اور اس پروگرام کی تکمیل سے حقیقی فلاحی ریاست کاخواب ضرور شرمند ہ تعبیر ہوگا۔

یہ باتیں انہوں نے آج لیہ میں احساس پروگرام کے”میرا کاروبار میری آمدنی“ کے تحت مستحق افراد میں اثاثہ جات کی تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

مزید پڑھیں: جی ڈی اے نے وفاقی اداروں اور احساس پروگرام میں سندھ کا حصہ مانگ لیا

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفر گڑھ کے علاقے چوک سرور شہید کو تحصیل کا درجہ دینے اور پنجاب میں بھی احساس پروگرام کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت 12 ارب روپے کی لاگت سے یہ پروگرام شروع کرے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ احساس آمدن پروگرام سے 18 لاکھ افراد براہ راست مستفید ہوں گے جبکہ 64 لاکھ افرادکو بالواسطہ فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر غربت کے خاتمے کی مہم کے تحت پاکستان کے 23 اضلاع کی 375 یونین کونسل منتخب کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: ہرماہ 80 ہزار لوگوں کو بغیر سود قرض دیا جائےگا، وزیراعظم

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے  کے 3 پسماندہ اور محروم اضلاع لیہ، ڈیرہ غازی خان اور جھنگ بھی اس پروگرام میں شامل ہے۔ لیہ کی 22 دیہی یونین کونسل میں 260 غریب اور مستحق بہن بھائیوں کواثاثے دینے کا آغاز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کو روز گار کمانے کیلئے ٹھیلے، رکشے اور پرچون دکانوں کا سامان بھی فراہم کیاجائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مستحق دیہی بھائیوں کو گائے اوربکریاں بھی دی جائیں گی۔اس پروگرام میں پہلی مرتبہ دیہات میں بسنے والی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو بھی شریک کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرا م میں 60 فیصد خواتین اور 40 فیصد مرد شامل ہیں۔ روز گار کمانے کیلئے وسائل کی فراہمی یقینا دیہات میں بسنے والوں کی زندگی میں خوشحالی لائے گی۔


متعلقہ خبریں