رئیل اسٹیٹ سیکٹر کا گلا گھونٹا گیا تو ملکی معیشت کا پہیہ رک جائے گا، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کا گلا گھونٹا گیا تو ملکی معیشت کا پہیہ رک جائے گا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی بھر کی سیاسی جدوجہد کے بعد ایک بات سیکھی ہے کہ اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے اور اگر رئیل اسٹیٹ سیکٹر کا گلا گھونٹا گیا تو ملکی معیشت کا پہیہ رک جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ اس بات کو تسلیم کریں کہ بجٹ کی تیاری ہو رہی ہے اور میں نے رئیل اسٹیٹ کے ساتھیوں کی ترجمانی کی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان غریب عوام کے نگہبان اور پاسبان بن کر گھروں کی تعمیر کرنے جا رہے ہیں اور یہ تمام عمل رئیل اسٹیٹ کے ساتھیوں کے تعاون کے ساتھ ہی ممکن ہو گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو پہلی دفعہ دو حصوں میں تقسیم کیا گیا اور سی ڈی اے میں اصلاحات کی گئی ہیں۔ ماضی میں سی ڈی اے میں کرپشن کے وائرس نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو نقصان پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں مناسب سمجھا تو طلبہ کو چین سے نکالنے میں لمحے کی تاخیر نہیں کریں گے، ظفر مرزا

رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے نمائندوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ کو جائز سہولت کاری دینا اور پلیٹ فارم فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کنسٹرکشن بورڈ کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ادارے مضبوط ہوں گے اور قانون پر عملدرآمد ہو گا تو اس وقت شخصیات آپ کا استحصال نہیں کر سکیں گی۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 910 ہو گئی

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں تمام رئیلٹرز کو یکجہتی پر سلام پیش کرتی ہوں اور میں آج آپ لوگوں کے پاس صرف آپ لوگوں کو سننے آئی ہوں۔


متعلقہ خبریں