ہیکرز کے ایک گروپ نے سوشل میڈیا کی مقبول ترین ویب سائیٹ فیس بک کا ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر موجود اکاؤنٹ ہیک کر لیا ہے۔
7 فروری کو ہیکرز کے گروپ آر مائن گروپ نے یہ دونوں اکاؤنٹ ہیک کیے اور ایک پوسٹ کے ذریعے صارفین کو اس کے متعلق بتایا۔
گروپ کی پوسٹ میں کہا گیا کہ وہ فیس بک کو بھی ہیک کر سکتے ہیں تاہم اس کی سیکیورٹی ٹوئٹر سے بہت بہتر ہے۔
آرمائن گروپ نے ایک ای میل بھی شیئر کیا اور صارفین کو دعوت دی کہ اگر وہ اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی بہتر بنانا چاہتے ہیں تو ان سے رابطہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں : ٹویٹر کے سی ای او کا اپنا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا
ابتدائی طور پر ٹوئٹر انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں وضاحت کی کہ جونہی انہیں اس مسئلے کا علم ہوا، اسی وقت متاثرہ اکاؤنٹ بند کر دیا گیا اور وہ اس پر کام کر رہے ہیں۔
بعد ازاں اکاؤنٹ واپس حاصل کرنے کے بعد اسے بحال کر دیا گیا، فیس بک انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اکاؤنٹ مختصر وقت کے لیے ہیک ہوا ہے، اب یہ پوری طرح ایکٹو ہو چکا ہے۔
آرمائن دبئی کی ایک کمپنی ہے جو مختلف ویب سائیٹس کی سیکیورٹی میں موجود خلا کو سامنے لاتی ہے اور اس کے لیے وہ ہیکنگ کا طریقہ کار اختیار کرتی ہے۔
مزید پڑھیں : اے ٹی ایم کارڈ کی ہیکنگ سے کیسے بچیں؟
ایک آئی ٹی ماہر کا کہنا ہے کہ کمپنی کا یہ رویہ ایک طرح سے ان کی اشتہاری حکمت عملی ہے جس کے ذریعے وہ لوگوں کو بتاتے ہیں کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے ان سے رابطہ کریں۔
گزشتہ برس اگست میں ٹوئٹر کے بانی جیک ڈورسی کا اکاؤنٹ بھی ہیک کر کے اس پر نسل پرستی پر مبنی پیغامات اوردیگر قابل اعتراض مواد ڈال دیا گیا تھا۔
2016 میں بھی ہیکرز نے ڈورسی کا اکاؤنٹ ہیک کیا تھا۔ اسی طرح ہیکرز نے گوگل کے سی ای او سندر پچائی اور فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ کے بھی ٹویٹر اکاؤنٹس ہیک کیے تھے۔