لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے اہلخانہ کے اثاثوں کی تفصیلات قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں جمع کرا دی ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق جاوید لطیف نے اہلخانہ کے اثاثوں کی تفصیلات کم ظاہر کی ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دستاویزات کے مطابق جاوید لطیف کے خاندان کے افراد کے اثاثوں کی کل مالیت صرف سترہ کروڑ چودہ لاکھ اٹھہتر ہزار تین سو ہے۔
دستاویزات کے مطابق لیگی رہنما کی والدہ ولائت لطیف کے اثاثوں میں دس سال کے دوران دس کروڑ اٹھارہ لاکھ بارہ ہزار کا اضافہ ہوا۔ اس دوران ان کے بھائی میاں امجد لطیف نے ایک کروڑ نو لاکھ سنتالیس ہزار کے اثاثے بنائے.
مزید پڑھیں: ن لیگی رہنما جاوید لطیف نیب میں طلب
اسی طرح میاں انور لطیف کے چار کروڑ ستتر لاکھ، اختر لطیف کے پچیس لاکھ اٹھاون ہزار کے اثاثے بڑھے۔ میاں منور لطیف اٹھاون لاکھ اٹھاون ہزار اور احسن لطیف کے اثاثوں میں پچیس لاکھ اٹھاون ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔
قومی احتساب بیورو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید لطیف نے دس سال کا ریکارڈ جمع کرایا ہے۔ اثاثوں کی مالیت مارکیٹ ویلیو سے بہت کم ظاہر کی گئی ہے، نیب تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے۔
مزید پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثہ جات: شہباز شریف، فیملی کیخلاف تحقیقات میں نیا موڑ سامنے آگیا
اس سے قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں نیب لاہور نے لیگی رہنما جاوید لطیف اور ان کے اہلخانہ سے تفصیلات مانگی تھیں۔
نیب ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ میاں جاوید لطیف نے اپنے اہلخانہ کے نام اربوں روپے کی جائیداد بنائی ہیں، جس کی تحقیقات کیلئے نیب نے آٹھ رکنی ٹیم بھی تشکیل دے رکھی ہے۔
ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے تمام اثاثوں کا ریکارڈ موجود ہونے کے باوجود نیب کیوں کردار کشی پر تلی ہے؟مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔