مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، راجہ فاروق حیدر


مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر امریکی  ثالثی  کے خطرناک نتائج برآمد  ہوں گے۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی ثالثی کبھی کشمیریوں کے حق میں نہیں ہوسکتی۔ امریکہ کی جانب سے ثالثی سے بھارت کو فائدہ ہوگا۔ مسئلہ فلسطین پر امریکی ثالثی سے فلسطین کا بیڑاغرق ہوگیا۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان کا ہرشہری کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کررہا ہے۔ پاکستان مشکلات کے باوجود  کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔ کشمیری خود کو اکیلا نہ سمجھیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آج کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ آج اگر بھارت ٹوٹ جائے تو کیا ہم اس کے لیے تیارہیں؟ ہم سب مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین بھی موجود ہیں۔ ہمیں جارحانہ پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں قومی اتفاق رائے  پیدا کریں اور قوم کو متحد کریں۔ کشمیریوں کو پاکستانی حکومت اورعوام سے بہت امیدیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر میں پاکستان کا جھنڈا نہیں گرنے دیں گے۔  پہلےہم سینے پر گولی کھائیں گے پھر پاکستان کی طرف گولی بڑھے گی۔


متعلقہ خبریں