اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید نے وزیر مملکت شہریار آفریدی کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کو ادویات میں استعمال کے لیے شہریار آفریدی نے درست بات کی ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ’ صبح سے آگے‘ میں میزبان شفاء یوسفزئی اور اویس منگل والا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ منشیات کو ضائع کرنے کے بجائے ادویات میں استعمال کیا جائے تو یہ مثبت سوچ کی عکاسی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں تنخواہوں میں اضافے کے بل کو مسترد کرنا عام آدمی کی زندگی بدلنے سے مشروط کی،ہم نے کہا جب تک عام آدمی کی زندگی نہیں بدلتی تب تک ہماری تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ تنخواہوں میں چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کی تنخواہوں میں بھی اضافے کی تجویز شامل تھی۔
فیصل جاوید نے بتایا کہ ایک سینیٹر کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ ہوتی ہے جبکہ وہ اندرون ملک کسی بھی شہر جائے تو ان کو ٹی اے ڈی اے ملتا ہے ، جبکہ سینیٹر کو میڈیکل انشورنس بھی دی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے تجویز دی تھی کہ 19گریڈ اور اسے اوپر کے افسران کی تنخواہوں کو بھی کم کیاجائے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے گھر سے لیکر بقیہ تمام اخراجات خود اٹھاتے ہیں،جبکہ سابق حکمرانوں نے اخراجات کے حدود پار کیے تھے ، صرف آصف زرداری نے 13لاکھ ڈالر یواین اجلاس دورے پر خرچ کیے تھے۔
ایک سوال پر سینیٹرفیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دوست بیرونی ملک دوروں پر معاشی طور پر ان کی معاونت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کو مستحکم کیا ، کوئی اور حکومت آتی تو ملک کا دیوالیہ نکل جاتا۔
یاد رہے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں چرس و دیگر منشیات سے دوا بنانے کی فیکٹری کھولی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کہحکومت، وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر ایک فیکٹری بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے جس میں چرس سے دوا تیار کی جائے گی، ہم ہر سال ہیروئن، چرس اور افیون بڑی مقدار میں پکڑتے ہیں اور پھر اسے جلاتے ہیں۔