غیر ملکی فٹنس ٹرینر کی موجودگی میں عمر اکمل کی نازیبا حرکت

عمر اکمل نے فٹنس ٹیسٹ کے دوران کپڑے اتار کر کہا دیکھ لیں چربی کہاں ہے؟


لاہور: تنازعات کا شکار رہنے والے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل ایک اور نئے تنازع کا شکار ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں مبینہ طور پر عمر اکمل غیر ملکی فٹنس ٹرینر کی موجودگی میں بازیبا حرکت کرتے ہوئے پائے گئے۔

ذرائع کے مطابق معروف کرکٹر نے فٹنس ٹیسٹ کے دوران کپڑے اتار کر کہا کہ دیکھ لیں، چربی کہاں ہے؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اکیڈمی کے کوچنگ اسٹاف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے عمر اکمل کے رویے کی شکایت کی ہے اور امکان اظہار کیا جارہا ہے کہ بورڈ بلے باز کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل کی مشکلات میں اضافہ

یہ پہلی مرتبہ نہیں جبکہ عمر اکمل کسی تنازع کا شکار ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ سے ایک روز قبل وہ دبئی میں دیر رات تک باہر رہے تھے جس کے بعد جرمانے کے طور پر ان کی میچ فیس کا 20 فیصد حصہ کاٹ لیا گیا تھا۔

اس سے قبل عمر اکمل نے سوشل میڈیا پر انگور کھانے کی تصاویر شیئر کی تھیں جن کا صارفین نے ناصرف مذاق اڑایا بلکہ تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں احمد شہزاد کے ہمراہ عمر اکمل کی ٹیم میں واپسی ہوئی تھی جس کے دوران انہوں نے دو میچ کھیلے اور دونوں ہی پر پہلے گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

انہیں سیریز کے تیسرے اور آخری میچ سے ڈراپ کردیا گیا جبکہ اس کے بعد انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔


متعلقہ خبریں