کراچی: حکومت سندھ نے نئے آئی جی کی تعیناتی کا حتمی اختیار وزیراعظم عمران خان کو دے دیا ہے۔
آئی جی سندھ کی تبدیلی وفاق کی اجازت سے مشروط
ہم نیوز نے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطحی ملاقات میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاق کو نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی کے لیے پانچ نام بھیجے گئے ہیں، ان میں سے جس کو بھی چاہیں وزیراعظم سندھ کا پولیس سربراہ نامزد کردیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے نئے آئی جی سندھ کے لیے ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی، کامران فضل، انعام غنی، غلام قادر تھیبو اور مشتاق مہر کے نام بھیجے گئے ہیں۔
قواعد وضوابط کے مطابق کوئی بھی صوبہ چیف سیکریٹری یا آئی جی کی تعیناتی کے لیے تین نام وفاق کو بھیج سکتا ہے اور یہ وزیراعظم کی صوابدید ہے کہ وہ کس کو ذمہ داری تفویض کرتے ہیں؟
حکومت سندھ موجودہ آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کو تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کےلیے سندھ کابینہ نے بھی منظوری دے دی ہے۔ پی پی کی موجودہ حکومت کو سابقہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے بھی مسئلے مسائل تھے اور وہ ان کے ساتھ بھی کام کرنے میں دشواری محسوس کرتی تھی۔
دلچسپ امر ہے کہ ماضی میں یہ روایات رہی ہے کہ ن لیگ نے جب اپنے آئی جی پنجاب کی تبدیلی کے لیے وفاق میں قائم یوسف رضا گیلانی حکومت سے درخواست کی کہ وہ ان کے آئی جی کو تبدیل کردیں تو بحیثیت وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے ایسا نہیں کیا۔ اسی طرح ن لیگ نے بھی ماضی میں پی پی کی درخواست پر آئی جی کی تبدیلی سے انکارکیا۔
ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے کراچی میں ممتاز کاروباری شخصیات کے ایک نمائندہ وفد نے بھی ملاقات کی جس میں صنعتوں اور کاروبار کو درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا گیا۔
وفاق کی آشیرباد سے آئی جی سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ ہوا، اندرونی کہانی
کاروباری افراد پر مشتمل وفد میں طارق معین الدین خان، سعید اللہ والا، علی حبیب، خالد منصور، بشیر جان محمد، طارق رفیع، بہرام ڈی آوری، انجم نثار، آغا شہاب احمد خان، حبیب اللہ ، شیخ عمر ریحان اور نسیم اختر سمیت دیگر شامل تھے۔
ہم نیوز کے مطابق اس ملاقات میں وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد فیصل واؤڈا، وفاقی وزیرِ برائے بحری امور علی زیدی اور گورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔