حکمرانوں کی لڑائیاں ذاتی مفادات کیلئے ہیں، سینیٹر سراج الحق

فوٹو: فائل


لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی آپس کی لڑائیاں عوام کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا حکومت سے دنگل بغیر ٹکٹ کے پوری دنیا دیکھ رہی ہے جبکہ نااہلی اور غیر سنجیدگی سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے اور بدعنوانی کا بازار گرم ہے۔ صرف چند وزراء کو نہیں پورا نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کے اپنے گھر میں آگ لگ گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے 3 وزراء کو فارغ کر دیا گیا جبکہ پنجاب میں حکومتی ارکان الگ گروپ بنا رہے ہیں، وفاق اور سندھ میں ایک سرکاری ملازم پر لڑائی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ملازم پر لڑنے والے وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں امریکہ اور ایران کے درمیان صلح کراﺅں گا وہ کہتے ہیں کہ 2020 خوشخبری کا سال ہے اور پہلی خوشخبری 35 روپے کلو والے آٹے کا 70 روپے کلو میں بھی نہ ملنا جبکہ 50 روپے والی چینی کا 80 روپے کلوتک پہنچ جانا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ایسی ہی خوشخبریاں ملتی رہیں تو عوام ہر خوشخبری پر وزیر اعظم کو بددُعائیں دیں گے۔ جن لوگو ں نے یہ ظلم کا نظام مسلط کیا ہے ان کو بھی احساس ہوگیا ہے کہ یہ نظام اب مزید چلنے والا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں مسلم لیگ ن کے 50 سے زائد ارکان رابطے میں ہیں، فیاض الحسن چوہان

کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیری عوام یوم سیاہ منا رہے ہیں اور 5 فروری کو پوری قوم جوش وجذبہ کے ساتھ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔


متعلقہ خبریں