وزیراعظم کا اتوار کو دورہ لاہور کا امکان

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعظم پاکستان عمران خان اتوار کو لاہور کا دورہ کریں گے۔ اس امکان کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ دورے میں وہ مختلف اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

پنجاب حکومت گرانے کیلئے ن لیگ اور ق لیگ میں رابطوں کا انکشاف

ہم نیوز کو اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ غالب امکان ہے کہ وزیراعظم عمران خان جب اتوار کے دن لاہور کا دورہ کریں گے تو وہ اس میں گورنر چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ذمہ دار ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم اپنے دورہ لاہور میں اہم حکومتی و انتظامی افسران سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان ڈیوس سے واپسی پر لاہور کا دورہ ایک ایسے موقع پر کرنے جارہے ہیں کہ جب ق لیگ سمیت دیگر متعدد اتحادی جماعتیں پی ٹی آئی سے بڑی حد تک ناراض ہیں۔

عمران خان کا فیصلہ عثمان بزدار کو برا لگ گیا: ناراض اراکین کا گروپ تشکیل دے دیا

اس ناراضگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب پاکستان تحریک انصاف پنجاب سے تعلق رکھنے والے تقریباً 20 اراکین نے بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا علیحدہ گروپ تشکیل دے دیا ہے۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی پر مشتمل ناراض اراکین کے متعلق ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں بھی شائع ہوچکی ہیں کہ ان کی پشت پناہی خود وزیراعلیٰ عثمان بزدار کررہے ہیں۔

ملکی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں بھی آچکی ہیں کہ ن لیگ نے اندرون خانہ ق لیگ کو صوبے میں حکومت تشکیل دینے کی صورت میں اپنی حمایت کا اشارہ دے دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا آئین پاکستان تحفظ تحریک چلانے کا فیصلہ

امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) نے بھی اس مرتبہ اپنی تحریک کا آغاز پنجاب سے کرنے کا اعلان کررکھا ہے جب کہ گزشتہ مرتبہ انہوں نے آزادی مارچ کی ابتدا کراچی سے کی تھی۔


متعلقہ خبریں