’بال پکر’ کے طور پر آیا تھا اور آج ٹیم کا کپتان ہوں، بابر اعظم


لاہور: قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ‘بال پکر’ کے طور پر میدان میں آیا تھا، آج ٹیم کا کپتان ہوں جو میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں،ان کی ٹیم بہت اچھی ہے، کوشش کریں گے کہ انہیں ہرا کر ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون پوزیشن برقرار رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی تیاریاں اچھی ہے، سری لنکا کے خلاف جو غلطیاں کی اس کو دوبارہ نہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم سیلیکشن کے دوران میں نے اپنی رائے دی تھی کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کریں۔

میچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم کی وکٹ بظاہر سلو لگ رہی ہے تاہم 180 سے 190اسکور ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے باؤلرز اچھے ہیں، حارث رؤف اور شاہین آفریدی فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حارث رؤف اور احسان علی ڈبیو کرسکتے ہیں تاہم حتمی فیصلہ ٹیم میٹنگ میں کریں گے۔

بعد ازاں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، ہماری توجہ گراونڈ میں صرف کرکٹ پر مرکوز ہے سیکیورٹی کے حوالے سے زیادہ نہیں سوچ رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم اچھی ہے،کوشش کریں گے اچھی کرکٹ کھیلیں، نوجوان کھلاڑی ٹیم کے ہمراہ ہیں کسی کھلاڑی کے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کے درمیان کھیلنے کا منتظر ہوں، یہاں واپس آکر اچھا لگ رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں