پاکستان میں سکھوں کے مذہبی مقامات کی زیارت پر آئے بھاررتی گلوکار گپی گریوال نے پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں پنجابی بھارتی اداکار و گلوکار نے کہا کہ میں نے پاکستانی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ دیکھی اور جس میں ہیروئن کی اداکاری بہت پسند آئی اور یہی وجہ ہے کہ وہ مہوش حیات کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں
گپی گریوال نے انٹرویو میں نا صرف پاکستان میں گزرے وقت کو ایک خوشگوار تجربہ قرار دیا بلکہ پاکستانی فلموں کی بھی خوب تعریف کی۔
بھارتی اداکار کی جانب سے تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ کے لیے تعریفی کلمات کے بعد مہوش حیات نے ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک پیغام لکھا۔
ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں مہوش حیات نے لکھا کہ پاکستان میں خوش آمدید گپی گریوال، تعریفی کلمات کا بہت شکریہ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ آپ ہماری فلموں اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تاہم مہوش حیات نے بھارتی اداکار کی ایک ساتھ کام کرنے کی خواہش پر کوئی جواب نہیں دیا۔
خیال رہے کہ بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار روپندر سنگھ گِپی گریوال 20 جنوری کو پاکستان آئے تھے، یہاں انہوں نے گردوارا ننکانہ صاحب پر حاضری دی اور پاکستانیوں کی بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
سماجی رابطوں کی ایپلیکیشن (ایپ) ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں انہوں نے ننکانہ صاحب میں موجودگی کی تصاویر شیئر کی ہیں اور تحریر کیا ہے کہ میں بہت خوش نصیب ہوں جو ننکانہ صاحب آیا، وزیراعظم عمران خان، زلفی بخاری آپ کا بہت شکریہ۔