کراچی: کراچی میں سمندر کنارے گاڑی سیکھنا و سکھانا مہنگا پڑ گیا۔ افتخار اوردانیال اس وقت جان کی بازی ہار گئے جب گاڑی سمندر میں جا گری۔ ریسکیو اداروں نے 30 منٹ کے آپریشن میں دونوں کو نکال لیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
کراچی: گاڑیوں میں تصادم، ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق، پانچ زخمی
ہم نیوز کے مطابق پنجاب کالونی کا رہائشی خاندان سیر و تفریح کی غرض سے ڈیفنس فیز 8 گیا تھا کہ وہاں 20 سالہ دانیال ولد عبدالعزیزنے گاڑی سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اطلاعات کے مطابق دانیا کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے افتخارولد اللہ دتہ نے اسے ڈرائیونگ سیٹ پہ بٹھا دیا اور خود برابر والی سیٹ پر بیٹھ گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دانیال نے جب گاڑی چلانا شروع کی تو وہ تیز رفتاری کے باعث سیدھی سمندر میں جا گری۔ گاڑی کے سمندر میں جانے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے جائے وقوع پہ پہنچ کر سرچ آپریشن کیا اور تقریباً 30 منٹ میں دونوں افراد کو سمندر سے نکال لیا۔
ہم نیوز کو علاقہ پولیس نے بتایا کہ سمندر سے نکالتے ہی دونوں افراد کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں افراد جانبر نہ ہوسکے اور جان کی بازی ہار گئے۔ سمندر میں ڈوبنے والی گاڑی کو کرین کی مدد سے سمندر سے نکال لیا گیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق افتخار چار بچوں کا باپ اور پوسٹ آفس کا ملازم تھا۔ لواحقین کے مطابق آبائی تعلق پنجاب سے ہے۔ نعش کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ضروری کارروائی کے بعد نعش تدفین کے لیے آبائی علاقے روانہ کی جائے گی۔
دانیال ولد عبدالعزیز کا تعلق پنجاب کالونی سے تھا۔ نعش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔
یقین کریں: کراچی میں آٹھ فائر ٹینڈرز آپریشنل رہ گئے، باقی تمام غیر فعال
شہر قائد میں گیارہ جنوری 2020 کو نیو کراچی میں ایک گاڑی میں ایکسیڈنٹ کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق اور پانچ شدید زخمی ہو گئے تھے۔