حرا مانی نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے شوہر کے سر باندھ دیا

حرا مانی نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے شوہر کے سر باندھ دیا

اسلام آباد: معروف اداکارہ حرا مانی نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے شوہر ’مانی‘ کے سر باندھتے ہوئے کہا ہے کہ آج میں جو بھی ہوں اپنے شوہر سلمان ثاقب عرف مانی کی بدولت ہوں۔

اداکارہ حرا مانی جو کہ اپنے شوہر اداکار و میزبان مانی کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتیں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کریئر میں اتنی مقبولیت اپنے شوہر کی ہی وجہ سے حاصل کر پائی ہیں۔

ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے اپنے شوہر کو ساتھ دینے کے لیے سراہا اور مرد حضرات کو انہی کی طرح اپنی زندگی میں موجود خواتین پر بھروسہ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

حرا مانی نے ویڈیو کے آغاز میں کہا کہ میں نے اشتہار دیکھا جس میں ایک لڑکی گاڑی کا ٹائر تبدیل کرتی ہے، اس لڑکی کو دیکھ کر مجھے گزرا زمانہ یاد آگیا جب میں اداکار حرا مانی نہیں بلکہ ایک عام سی لڑکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گیارہ برس قبل جب میری شادی ہوئی تو مجھے صرف مانی کی بیوی کی حیثیت سے جانا جاتا تھا مگر میرے شوہر نے شناخت بنانے میں میری مدد کی۔

حرا نے کہا کہ آج میں جوبھی ہوں، جیسی بھی ہوں، جتنی بھی مقبول ہوں، کامیاب ڈراموں کا حصہ ہوں، اس سب کا کریڈٹ مانی کوجاتا ہے کیونکہ مانی نے ہی میرے اندر اعتماد جگایا کہ ہاں میں کچھ ہوں۔

ویڈیو پیغام میں مداحون کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اپنی بیویوں، بہنوں اور ماؤں کو یہ  احساس دلائیں کہ آپ کچھ ہیں اور جب آپ کو احساس ہوتا ہے کہ آپ کچھ ہیں تو پھر آپ کچھ بن کردکھاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں