اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فوج کی مخالفت سے کوئی سیاسی لیڈر نہیں بن جاتا، فوج کے بغیر آپ انارکی میں چلے جائیں گے، مشرق وسطیٰ کو دیکھ لیں۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ سیاسی جماعتوں نے درست فیصلہ کیا اداروں کے درمیان توازن کی ضرورت ہے۔ فواد چوہدری نے لکھا کہ فوج اور عدلیہ دونوں کو اپنی حدودخود دیکھنی چاہئیں۔
فوج کی مخالفت سے کوئ سیاسی لیڈر نہیں بن جاتا، فوج کے بغیر آپ انارکی میں چلے جائیں گے،مشرق وسطیٰ کو دیکھ لیں۔ سیاسی جماعتوں نے درست فیصلہ کیا اداروں کے درمیان توازن کی ضرورت ہے فوج اور عدلیہ دونوں کو اپنی باونڈریز خود دیکھنی چاھئیں ان دونوں اداروں کا متنازعہ ہونا تباہ کن ہے۔ https://t.co/lrQCJeXfZQ
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 13, 2020
وفاقی وزیر نے لکھا کہ فوج اور عدلیہ دونوں کو اپنی باونڈریز خود دیکھنی چاھئیں ان دونوں اداروں کا متنازعہ ہونا تباہ کن ہے۔ فواد چوہدری نے یہ ٹوئٹ معروف صحافی حامد میر کے کالم کے جواب میں کیا۔
حامر میر نے لکھا کتنا اچھا ہو کہ تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی آپس میں مدغم ہو جائیں اور ایک پارٹی بن جائیں عمران خان نئی پارٹی کے صدر، شہباز شریف نائب صدر اور بلاول جنرل سیکرٹری بن جائیں چوہدری شجاعت کو چئیرمین بنا دیں کیونکہ تینوں بڑی پارٹیاں قاف لیگ بن چکیں۔
فواد چوہدری نے نوازشریف کی ایک تصویر اس تبصرے کے ساتھ پوسٹ کی کہ اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ملاقات کے مناظر، کھاؤ پیو بیماری کا علاج انتہائی انہماک سے جاری ہے، سارے مریض بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
لندن کے ھسپتال کے انتہائ نگہداشت یونٹ میں ہونیوالی ملاقات کے مناظر۔۔۔ کھاؤ پیو بیماری کا علاج انتہائ انہماک سے جاری ہے اور سارے مریض بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ pic.twitter.com/pl6Z2hlXw6
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 13, 2020