گورنر سندھ سے ملاقات: تاجروں نے ہڑتال ختم کردی، ٹرانسپورٹرز نے انکار کردیا

پی ٹی آئی کراچی کا الیکشن جیت گئی، عمران خان میئر کا اعلان کریں گے، عمران اسماعیل

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد طارق روڈ کے تاجروں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا جب کہ ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز کے مطابق پیش کردہ مطالبات پر عمل درآمد سے قبل ہڑتال ختم یا مؤخر کرنے سے انکار کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل سے کراچی کے معروف کارباری علاقے طارق روڈ کے تاجروں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اراکین سندھ اسمبلی علی جی جی اور بلال غفار بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے بات چیت کے دوران یقین دہانی کرائی کہ وہ تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے بات کریں گے۔

تاجروں کے نمائندہ وفد کو گورنر سندھ عمران اسماعیل نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی قیمت پر تاجروں کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں ںے کہا کہ 22 جنوری کو کسٹم اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھی تاجروں کا وفد شرکت کرے گا۔

ہم نیوز کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندہ وفد نے بھی گورنر سندھ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے گورنرسندھ کو سیفٹی آرڈی ننس اور جرمانہ کی رقم میں اضافہ سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

گورنر سندھ نے مسائل سننے اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ کی وصولی کے بعد یقین دہانی کرائی کہ وہ درپیش مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم سے بات کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق گورنر سندھ نے ملاقات کے دوران کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان کے ساتھ مل کر درپیش مسائل کا حل نکالیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوگا جس میں وہ خود، گورنر پنجاب ، وفاقی وزیر برائے مواصلات ، وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ اور چاروں صوبوں کے وزرا برائے ٹرانسپورٹ سمیت جہانگیر ترین بھی شریک ہوں گے۔

ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز امداد حسین نقوی کے مطابق گورنر سندھ نے ملاقات کے دوران کہا کہ ٹرانسپورٹرز دس دن کے لیے ہڑتال مؤخر کردیں لیکن ٹرانسپورٹرز نے واضح طور پر مؤقف اپنایا کہ مطالبات پر عمل درآمد سے قبل ہڑتال مؤخر نہیں کی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں