شادی ایکٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی ایم این اے کے خلاف ایف آئی آر درج


لاہور: شادی ایکٹ کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) فرخ حبیب کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ون ڈش قانون کی خلاف ورزی کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) اور ان کی ٹیم نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی میاں مینشن فارم ہاؤس میں منعقد شادی پر چھاپہ مارا۔

حکام کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس کےمالکان میاں محسن اور میاں احسن اوران کے علاوہ دیگر نامی گرامی مہمان بھی فارم ہاؤس پر موجود تھے۔

جیسے ہی ٹیم فارم ہاؤس کی حدود میں داخل ہوئی تو دیکھا کہ وہاں وقت مقررہ کے بعد بھی تقریب جاری تھی ساتھ ہی ون ڈش قانون کی سنگین خلاف ورزی بھی کی گئی تھی۔

تقریب کی انتظامیہ نے اے سی اور ان کی ٹیم کو عمارت میں داخل ہونے اور قانونی کارروائی عمل میں لانے سے روکنے کے لیے مزاحمت کی اور نازیبا زبان کا استعمال کیا جس پر سیخ پا ہو کر اے سی کی جانب سے دست درازی کی گئی، نتیجتاً ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تقریب میں ’بہت بااثر‘ مہمانان گرامی موجود تھےجنہوں نے ان پر فارم ہاؤس سے چلے جانے پر زور دیا اور عمارت کو اندر سے تالا لگا لیا۔

اسی   وقت اے سی ماڈل ٹاؤن نے پولیس کو شکایت کی جس پر پولیس کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔

بعد ازاں پولیس نے مبینہ  تین حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا اور فارم ہاؤس کو سیل کر دیا  اور ملوث  افراد بشمول فارم ہاؤس مالکان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما پولیس کی آمد سے قبل ہی موقع سے فرار ہو چکے تھے۔

علاوہ ازیں میاں فرخ حبیب کی شادی کی تقریب میں شادی ایکٹ کی خلاف ورزی کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا بھی جمع کرائی گئی ہے۔

تحریک التوائے کار مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی رابعہ فاروقی نے کرائی جس میں فرخ حبیب کی شادی کی تقریب میں شادی ایکٹ کی خلاف ورزی کی مذمت کی گئی ہے۔

تحریک کے متن کے مطابق رکن قومی اسمبلی میاں فرخ حبیب نے اپنی شادی کے فنکشن میں قانون کی دھجیاں اڑا دیں، ضلعی انتظامیہ کی چھاپہ ٹیم کو دھکے اور گالیاں دے کر نکال دیا گییا لہٰذا  قانون شکنی کرنے پر میاں فرخ حبیب کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔


متعلقہ خبریں