عمر کوٹ: کنری میں لیاقت پور ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں شرکت سے واپسی پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے پتھراؤ کردیا۔
ہم نیوز کے مطابق کنری میں امریکن چوک کے قریب دو افراد آئے اور انہوں نے حملہ کردیا جس کے بعد حلیم عادل شیخ کے محافظ نے ان میں سے ایک کو پکڑلیا۔
بعدازاں کچھ مزید افراد نے پکڑے گئے شخص کو چھڑانے کے لیے پتھراؤ شروع کردیا جس کے بعد محافظ نے حملہ آور کو چھوڑ دیا تاہم تب تک صوبائی رکن اسمبلی کی گاڑی کے متعدد شیشے ٹوٹ چکے تھے۔
واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ اس کے مقام پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد کارکنان پہنچ گئے۔
دوسری جانب واقعے کے بعد وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار نے سندھ اسمبلی میں اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کی درخواست کی۔
مکیش کمار کا کہنا تھا کہا واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں مبینہ طور پر گیس کا سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 74 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے اعلان کیا کہ جاں بحق ہونے والوں کو 15 لاکھ روپے اور زخمیوں کو پانچ لاکھ روپے امدادی رقم دی جائے گی۔