وقار یونس نے حارث رؤف کی قومی ٹیم میں شمولیت کا عندیہ دے دیا

حارث رؤف میلبورن اسٹارز کی نمائندگی کریں گے

قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے آسٹریلیا میں جاری بگ بیش ٹی ٹونٹی لیگ میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے تیز گیند باز حارث رؤف کی ٹیم میں شمولیت کا عندیہ دے دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری مصباح سے حارث سے متعلق بات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد ٹیم میں موجود دیگر گیند بازوں کے ساتھ حارث کو شامل کیا جائے گا جس کے بعد انہیں قومی ٹیم میں بھی شامل کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : حارث رؤف کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری

واضح رہے حارث رؤف نے اب تک بگ بیش لیگ میں تین میچز کھیل کر دس وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے نوجوان تیز گیند باز نے میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے سڈنی تھنڈرز کے خلاف تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس طرح وہ اب تک ٹورنامنٹ میں 10 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے گیند باز بن گئے ہیں۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حارث رؤف کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے قومی ٹیم کے کوچ و چیف سیلکٹر مصباح الحق کو مخاطب کرتے ہوئے حارث کی جانب توجہ دلائی ہے۔


متعلقہ خبریں