پٹرولیم ڈویژن کی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تردید

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے متعلق گزشتہ روز گردش کرنے والی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کیے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) آرڈیننس 2002 سیکشن 8 (1) / 8 (2) کے تحت اوگرا نے کمپنیوں کی محصولات کےتخمینے کے پیش نظر گیس کی نئی قیمتوں کے تعین کا مشورہ دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اوگرا کا مجوزہ اضافہ نہ تو حتمی ہے اور نہ ہی اسے کسی فورم میں منظوری دی گئی ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے میں تحریر کیا گیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں ترمیم سال میں دو بار متعدد عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد کی جاتی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اوگرا آرڈیننس سیکشن 8 (3)کے تحت وفاقی حکومت گیس کی حتمی خریدِ نرخ کا تعین کرے گی اور ان قیمتوں کا حتمی اعلان وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

لہٰذا گزارش ہے کہ گیس نرخوں کا حتمی فیصلہ ہونے تک”مجوزہ قیمتوں” کی تشہیر نہ کی جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اوگرا کی جانب سے قدرتی گیس کی قیمتوں میں 17 سے 191 فی صد اضافے کی خبر سانے آئی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کے پہلے سلیب میں گیس کی قیمت 191 فیصد مہنگی کی جائے گی جب کہ فرٹیلائزر کے لیے گیس کے نرخوں میں 135 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں