اسپتالوں کے تحفظ کیلئے بل لا رہے ہیں، فیاض الحسن چوہان

پنجاب کے وزیر فیاض الحسن چوہان کا قبل از وقت انتخابات کا دعویٰ

فوٹو: فائل


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت اسپتال، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرز کے تحفظ کے لیے بل لارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں بیکری جیسا واقعہ نہیں ہو گا، پولیس شیلنگ اسپتال میں نہیں جیل روڈ پر ہو رہی تھی، اپنی تعریف نہیں کررہا لیکن خود جا کر شیلنگ بند کرائی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ میں نے اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر 15 وکلا کو لوگوں سے بچایا، وکلا ہمارے لیے قابل احترام ہیں مگر انسانی جان کا مداوا نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور ان میں سے بعض کو عدالت بھی پیش کر دیا گیا ہے۔

حسان نیازی کے متعلق فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حسان نیازی  پہلے حفیظ  نیازی کا بیٹا بعد میں عمران خان  کا بھانجا ہے، یہ بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ حفیظ اللہ نیازی ن لیگ کے سرگرم کارکن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حسان نیازی کے خلاف حکومت بھرپور کارروائی کر رہی ہے، حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، ٹویٹر اکاؤنٹ پر حسان نیازی نے کہا ہے کہ ان کا پی ٹی آئی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا معاملہ عجیب و غریب ہے، جب  انہوں نے رپورٹ دینی ہوتی ہے تو اسپتالوں کے دورے ہوتے ہیں، مگر پھر دیکھتے ہیں کہ برگر کھایا جا رہا ہے اور لندن کی سیر کی جا رہی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ن لیگ والوں کوعثمان بزدار کے کام ہضم نہیں ہوتے۔


متعلقہ خبریں