برطانوی انتخابات: کنزرویٹو پارٹی کی تاریخی فتح، وزیراعظم کا بریگزیٹ مکمل کرنے کا اعلان


لندن: برطانیہ کے وزیراعظم بوریس جونسن کی جماعت کنزرویٹو پارٹی نے عام انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کر لی ہے۔

فتح کے بعد کنزرویٹو پارٹی کے ہیڈ کواٹر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بریگزیٹ کے عمل کو مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہےکہ بریگزیٹ کے بارے میں کوئی اگر مگر نہیں، اب ہم 31 جنوری کو اسے مکمل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں حالیہ انتخابات تاریخی تھے،کنزرویٹو پارٹی پر عوام کے اعتماد پر مشکور ہوں، ہماری حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں انتخابات میں کامیابی پر برطانوی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بورس جانسن کو ان کی عظیم جیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ بریگزیٹ کے بعد اب برطانیہ اور امریکہ بڑے تجارتی معاہدے کے لئے آزاد ہوں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ  معاہدہ یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے کسی بھی معاہدے سے کہیں زیادہ بڑا اور زیادہ منافع بخش ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واضح رہے برطانیہ میں حکومت سازی کے لیے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور عام انتخابات کے اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق  کنزرویٹو پارٹی کو 358 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ لیبر پارٹی کو 203 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔

 


متعلقہ خبریں