حسین حقانی کے خلاف بغاوت کا ایک اور مقدمہ


کراچی: امریکا میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے خلاف کراچی میں بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

کراچی کے پریڈی پولیس اسٹیشن میں درج ہونے والے مقدمہ کے مدعی مولوی اقبال حیدر ایڈوکیٹ ہیں ۔

12 مارچ2018 کو میمو گیٹ اسکینڈل کے مرکزی ملزم حسین حقانی کے خلاف ایف آئی اے نے بھی مقدمہ درج کیا تھا ۔

ایف آئی اے کی جانب سے درج کئے گئے مقدمے میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس جنوبی سرفراز نواز کے مطابق حسین حقانی پر ٹی وی شوز میں بیٹھ کر پاکستان کی سالمیت کے خلاف باتیں کرنے کا الزام ہے۔

عدالت عظمیٰ (سپریم کورٹ) نے سابق سفیر حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہوئے ہیں۔

2008 سے 2011 تک امریکا میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیتے رہے۔ ان کے خلاف سابق وزیراعظم نواز شریف خود کالا کوٹ پہن کرعدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے تھے۔

میمو گیٹ اسکینڈل کے وقت پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت تھی اور آصف علی زرداری صدر تھے۔ پاکستانی سیاست میں میمو گیٹ اسکینڈل سے بلیک بیری، حسین حقانی اور منصور اعجاز کو بہت شہرت ملی تھی۔

قومی سلامتی کے اداروں سے متعلق امریکی انتظامیہ کو خط لکھنے پر مبنی میمو گیٹ میں ان کی وکیل عاصمہ جہانگیر تھیں۔

رواں برس جنوری میں خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں بھی حسین حقانی کے خلاف تین الگ الگ مقدمات درج کئے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں