پاکستان کسٹمز کا طلبہ کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ


لاہور: پاکستان کسٹمز  نے ملک بھر کے ہونہار اور مستحق طلبہ کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے نیشنل یونیورسٹی آف سائینس اینڈ ٹیکنالوجی اور لاہور یونیورسٹی آف مینجنمنٹ سائینسز کے سربراہان سے ملاقات کی ملاقات میں نوجوانوں کے لئے جون 2020ء سے شروع کیے جانے والے کسٹمز انٹرن شپ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین ایف بی آر پہلے ہی کسٹمز انٹرن شپ پروگرام کی باضابطہ اجازت دے چکے ہیں اور پروگرام کے جلد عمل درآمد کی ہدایات دے چکے ہیں۔

ممبر کسٹمز آپریشنز ڈاکٹر جواد اویس آغا نے پروگرام کے چیدہ نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت دو سو بی ایس اور ایم ایس درجہ کے طلبہ مستفید ہوں گے۔

ممبر کسٹمز آپریشنز نے کہا کہ طلبہ کو ملک کی بہترین جامعات سے قانون، پبلک فنانشل مینجمنٹ، معاشیات، فنانس، پبلک پالیسی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا علم حاصل کرنے کے بعد پاکستان کسٹمز کے ذیلی دفاتر میں دس سے بارہ ہفتوں کے لئے انٹرن شپ کرنے کا موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان پوسٹ نے انٹرن شپ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا

انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ کے دوران طلبہ کو بارہ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

چئیرمین ایف بی آر نے کہا کہ اس مثبت قدم کی بدولت بین الاقوامی اور لوکل معیشت اور پبلک اداروں کے کام کے طریقہ کار کے متعلق آگاہی بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے روزگار کے حصول اور طلبہ میں خود اعتمادی کو فروغ ملے گا۔

نسٹ اور لمز کے نمائندگان نے پاکستان کسٹمز کی اس کاوش کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔


متعلقہ خبریں