نواز، شہباز اور زرداری کا طریقہ واردات ایک ہے، شہزاد اکبر


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کا طریقہ واردات ایک ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی فارن فنڈنگ کیس کھلا ہے تو وہ سامنے آنے کو تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں جس ذرائع سے رقم آئی اسی ذرائع سے مسلم لیگ کے پاس آتی ہے، 18 سوالات اس لیے کیے کہ 10 سالوں میں شہباز شریف خاندان کی جائیدادوں میں اضافہ ہوا ہے۔

معاون خصوصی برائے احتساب نے اعتراف کیا کہ پراسیکیوشن سے متعلق مسائل کا سامنا ہے۔

نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ ہوئی تو وطن واپس آنا ہو گا

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ ہوئی تو انہیں وطن واپس آنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا نوازشریف پاکستان میں تھے تو ان کے پلیٹ لیٹس سے آگاہی ہوتی رہتی تھی، اب نواز شریف لندن میں ہیں تو پلیٹ لیٹس کہاں ہیں؟

معاون خصوصی نے کہا کہ مریم نواز والد کی تیمارداری کے لیے باہر جانا چاہتی ہیں حالانکہ مریم نواز کی بہن، بھائی، بھابیاں اور سارا خاندان لندن میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت خود احتسابی  پر یقین رکھتی ہے، ملک میں تمام ادارے آزاد ہیں اور حکومت نے قومی احتساب بیورو  (نیب) بجٹ میں بھی اضافہ کیا۔


متعلقہ خبریں