اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بدترین شکست کے بعد کہا ہے کہ فاسٹ بولر وہاب ریاض اور محمد عامر کے نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان بولرز پر انحصار کرنا مجبوری تھی۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی کنڈیشنز ہمیشہ کی طرح مشکل تھیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ کپتان اظہر علی، لیگ اسپنر یاسر شاہ اور فاسٹ بولر محمد عباس کی فارم تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز آسان نہیں ہوگی۔
دوسری جانب بولنگ کوچ وقار یونس نے نوجوان باؤلرز کو چھ ماہ سے ایک سال کا وقت دینے کا مشورہ دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک یا دو ٹیسٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر کسی کے بارے میں رائے قائم کرلینا درست نہیں۔
وقار یونس نے کہا کہ نوجوان پیسرز توقعات کے مطابق بولنگ نہیں کر سکے، آسٹریلوی کنڈیشنز میں لائن و لینتھ اور کنٹرول برقرار رکھنا آسان نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کو کھیلنے کا موقع ملا اور اب وہ بہتر بولنگ کررہے ہیں، دیگر نوجوان بولرز کو چھ ماہ سے ایک سال کا وقت دینا ہوگا۔
وقار یونس کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان بھی ٹیلنٹ کے باوجود بدقسمتی سے پرفارم نہیں کرسکے۔