لاہور: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا نام بدستور ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں شامل ہے اور اسے نکالا نہیں جائے گا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق نواز شریف کو صرف ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت ملی ہے اور وہ اس دفعہ صرف عدالت کے احکامات دیکھا کر ملک سے باہر جا سکیں گے۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے ہم نیوز کو بتایا کہ انہیں ائیر ایمبولینس کے متعلق کوئی اطلاع نہیں ملی۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو علاج کی غرض سے غیر مشروط طور پر 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق مقرر وقت میں نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ہوتی تو علاج کی مدت میں توسیع ہوسکتی ہے جبکہ حکومتی نمائندہ سفارتخانے کے ذریعے نواز شریف سے رابطہ کرسکے گا۔
دوسری جانب نواز شریف کی طبیعت بدستور خراب ہے اور انہیں بیرون ملک سفر کے حوالے سے تیار کرنے کے لیے اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز کے ساتھ متبادل ادویات بھی دی جارہی ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پلیٹ لٹس کی مقدار سفر کے دوران مطلوبہ سطح پر رہے۔
اطلاعات ہیں کہ سابق وزیراعظم لاہور ہائی کورٹ کا حکم نامہ ملنے کے بعد منگل کو لندن روانہ ہوں گے۔