اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام(ف) نے اپنے ’پلان بی‘ پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس کے تحت کچھ اہم شاہراہیں بند کری گئی ہیں جب کہ دیگر پر ٹریفک بلاک کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
گھوٹکی سے پنجاب داخل ہونے والی شاہراہ بھی بند کردی جائے گی۔ کراچی کے 6 اضلاع سمیت حب ریور روڈ کو بھی بند کریں گے۔
اگلے مرحلے میں تافتان سے لکپاس تک، جیکب آباد تا سبی اور کوئٹہ تک شاہراہیں بند کردی جائیں گی۔
ڈی جی خان سے لورآلائی، ژوب سے زیارت اور کوئٹہ تک تمام قومی شاہراہوں کوبھی مرحلہ وار بند کردیا جائے گا۔
اسلام آباد
جمیعت علمائے اسلام کے پلان بی کے تحت 26 نمبر چونگی کے مقام پر سڑک کو بند کیا جائےگا جو وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کو دوسرے شہروں سے ملاتا ہے۔
پولیس کی بھاری نفری 26 نمبر پر تعینات کر دی گئی ہے جہاں راولپنڈی اور اسلام آباد کو لاہور اور پشاور موٹروے سے ملایا جاتا ہے۔
ڈنڈے ہیلمیٹ شیلڈ اور آنسو گیس سے لیس وفاقی پولیس، راولپنڈی پولیس، ایف سی اور کے پی کے پولیس اس مقام پر موجود ہے۔
سندھ
جیکب آباد میں اہم شاہراہ پر جے یو آئی ف کا احتجاجی دہرنا دوسرے روز بھی جاری ہے جس کے سبب سندھ بلوچستان اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ مکمل بلاک ہے جس سے مسافروں اور ٹرانسپوٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
خیبرپختونخوا
بنوں کے مقام پرانڈس ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے اور صرف ہنگامی صورتحال میں گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
مردان میں بھی حکیم آباد کے مقام پر جے ٹی روڈ کو بند کیا جائے گا جہاں کارکنان کی قیادت ضلعی امیر مولانا قاسم اور دیگر کر رہے ہیں۔
ضلعی قیادت کے مطابق مرکزی قیادت کے حکم تک کارکنان جی ٹی روڈ پر بیٹھے رہیں گے۔
مالاکنڈ میں جے یو آئی کارکنان جی ٹی روڈ پر بیٹھ گئے ہیں اور ہر قسم کی ٹریفک کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ لیویز کے ڈنڈہ بردار دستے پہنچنا شروع ہوگئے
پنجاب
جمیعت علماء اسلام ف کے پلان بی کے مطابق جنوبی پنجاب کی دو اہم شاہراہیں بند کرنے کی تیاری مکمل ہیں اور آج دو بجے کوٹ سبزل سندھ پنجاب بارڈر پر شاہراہ کو بند کیا جائے گا۔
ڈیرہ غازی خان میں دوسری اہم شاہراہ انڈس ہائی وے بند کی جائے گی ۔