سلطانز کو جیت کے لیے مشکل ہدف درکار


شارجہ: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری ) کے 25ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا ہے۔

یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چاروکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

میچ کے آغاز میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اننگ کا آغاز کرنے اسلام آباد کی ٹیم میدان میں آئی تو اوپنر بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 46 رنز بنائے۔

اسلام آباد کی جانب سے پہلی وکٹ جے پی ڈومینی کی گری۔ اوپنر بیٹسمین 12 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد کو دوسرا نقصان 91 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب لیوک رونکی 58 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

رونکی نے 36 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے  تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اننگ مکمل کی اور ٹاپ اسکورر رہے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی الیکس ہیلز تھے جو 46 رنز بنا کر عمر گل کی گیند پر صہیب مقصود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

حسین طلعت نے آصف علی کے ساتھ مل کر کھیل کو آگے بڑھایا لیکن حسین 36 رنز بنا کر عمر گل کا اگلا شکار بنے۔

آصف علی 17 اور فہیم اشرف 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سلطانز کی جانب سے عمر گل نے دو کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی۔ عمر نے چار اوور میں 36 رنز دیے۔

راس وائٹلے ملتان کے مہنگے ترین بالر رہے۔ انہوں نے چار اوورز میں 45 رنز دیے۔


متعلقہ خبریں