لاہور: پنجاب کی عدالت عالیہ یعنی لاہور ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف تقاریر کرنے پر نوازشریف اور مریم نواز کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اظہر صدیق ایڈوکیٹ کی متفرق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پیمرا سے بھی 15 مارچ تک جواب طلب کرلیا۔
عدالت عالیہ نے سیکریٹری پیمرا کو بھی کیس میں فریق بنانےکی اجازت دے دی ہے۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی یا پیمرا براڈ کاسٹ میڈیا کا نگران سرکاری ادارہ ہے۔ جو لائسنس جاری کرنے کے علاوہ متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کا بھی ذمہ دار ہے۔
درخواست گذاراظہر صدیق ایڈوکیٹ نے مؤقف اپنایا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز عوام کو عدلیہ کے خلاف اکسانے سے باز نہیں آرہے۔ مریم نواز جلسوں اور سوشل میڈیا پر عدلیہ کو تضحیک کا نشانہ بنارہی ہیں۔
عدالت سے درخواست کی گئی کہ نواز شریف اور مریم نواز سمیت دیگر سیاستدانوں کی عدلیہ مخالف تقاریر پر پابندی عائد کی جائے۔
اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ عدلیہ مخالف تقاریر نشر ہونے سے روکنے کے لئے پیمرا کچھ نہیں کررہا ہے۔
درخواست گذار نے عدالت کو بتایا کہ ن لیگی شخصیات کی عدلیہ مخالف تقاریر کا ریکارڈ عدالت میں جمع کرادیا ہے۔