نوازشریف کو بیرونِ ملک جانے سے روکنے کے لئے درخواست دائر

نواز شریف حسین حقانی کی طرح واپس نہیں آئیں گے، درخواست گزار

Lahore High Court

لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق درخواست بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں اور ان کے خلاف متعدد مقدمات زیر التواء ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو بیمار قیدیوں کے برعکس علاج کے لئے بیرون ملک بھجوانا امتیازی سلوک ہے، وہ حسین حقانی کی طرح بیرون ملک جاکر واپس نہیں آئیں گے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور ایمل کانسی کو امریکہ کے سپرد کرنے میں ملوث رہے۔

ان کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد غیر قانونی طور پر ملکہ برطانیہ سے سر کا خطاب بھی لیا، اس حوالے اور منی لانڈرنگ کے خلاف کیس کے حوالے سے درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں زیرالتواء ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت درخواست کے فیصلے سے مشروط کی جائے اور عدالتی فیصلہ آنے تک سابق وزیراعظم کو بیرون ملک جانے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔


متعلقہ خبریں