اسلام آباد میں نام نہاد آزادی مارچ یرغمالی مارچ بن چکا ہے، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اس وقت اسلام آباد میں جاری نام نہاد آزادی مارچ حقیقت میں یرغمالی مارچ بن چکا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی ف) کے کارکن بارش میں کھلے آسمان تلے بے یارومدد گار پڑے ہیں جبکہ ان کے رہنما گرم بستروں میں آرام فرمارہے ییں۔

فردوس عاشق اعوان نے سوال کیا کہ کیا جے یو آئی ف کے رہنماؤں  کا  یہ عمل کھلا تضاد نہیں؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جلسے کے شرکاء کی مشکلات کا جائزہ لینے اور مدد کیلئے چئرمین سی ڈی اے کو ہدایت جاری کردی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی موجودہ  ہیجان اور سیاسی بے یقینی سے عوام کو نکالے گی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتا ہے کہ اسرائیل کے جھنڈے گاڑنے والی حکومت کو روکنا ہے۔ بغیر کسی دلیل اور حقائق کو جانے اس قسم کے بیانیے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے اسرائیل کے بارے واضح کیا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے بغیر امن نہیں ہوسکتا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ناموس رسالت کی بات کرتے ہیں لیکن جب آئین میں چھیڑ چھاڑ ہورہی تھی اس وقت وہ کیا کررہے تھے۔ مولاناا اس وقت حکومت کی بغل میں بیٹھا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ کے دو مزید شرکاء جاں بحق، سینکڑوں اسپتال پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عوامی درد سے آشنا اور اس کودور کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے میڈیکل بورڈ کے قیام سے متعلق بھی اداروں پر حملے کئے جارہے ہیں۔ میڈیکل بورڈ حکومت نہیں بلکہ نیب کورٹ تشکیل دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج لاہور میں منفرد واقعہ پیش آیا جس میں شدید بیمار نواز شریف بہترین ہسپتال سے نکل کر علاج کیلئے گھر چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس مقصد کیلئے مریم نواز کو عدالت نے ضمانت دی ہے امید ہے وہ بہترین نرسنگ و تیمارداری کے فرائض انجام دیں گی۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کو ہم نے آگے لیکر جانا ہے۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں شخصیات اداروں کے تابع ہوں۔


متعلقہ خبریں