اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈے اے) کو دھرنے کے مقام کا فوری دورہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے شرکا کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
I have directed the CDA Chairman to immediately visit the dharna site to assess what relief and assistance can be provided to the dharna participants with the onset of rain and changing weather conditions.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 6, 2019
اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسم کی تبدیلی اور بارش کے پیش نظر شرکا کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
اس سے قبل آزادی مارچ میں شریک مزید دو افراد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے جب کہ سردی کی شدت سے بیمار ہو کر سینکڑوں افراد پمز اسپتال منتقل ہوگئے ہیں۔
انتقال کرنے ہونے والوں میں خضدار کے 70 سالہ سیف اللہ اور کوئٹہ کے 80 سالہ محمد اختر شامل ہیں جن کی نعشیں آبائی گاؤں بھجوا دی گئی ہیں۔
گزشتہ روز بھی آزادی مارچ میں شریک ایک شخص دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا تھا۔ 55 سالہ عبدالکریم کا تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تھا۔
ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق 300 سے زائد شرکا بخار نزلہ اور زکام کے سبب پمز اسپتال پہنچ چکے ہیں۔ اسلام آباد میں گزشتہ شب بارش اور تیز ہوا نے خیمے اکھاڑ دیئے جب کہ سردی شدت میں بھی اضافہ ہوا۔