نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے 31 ویں سالگرہ کے موقع پر خود کوہی جذبات و احساسات سے بھرپور خط لکھ ڈالا ہے۔
کوہلی جو موجودہ دور کی کرکٹ میں عظیم بلے باز سمجھے جاتے ہیں، نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا خط جاری کیا ہے۔
انہوں نے 15 سالہ ویرات کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ ہائے چیکوِ آپ کو بہت بہت سالگرہ مبارک ہو۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کے ذہن میں اس وقت مستقبل کو لے کر بہت سے سوالات ہوں گے۔ میں کوشش کروں گا کہ زیادہ سے زیادہ سوالات کا جواب دے سکوں۔
ویرات کوہلی نے لکھا کہ ’ منزل کی جانب جاری سفر کے دوران آپ کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم اصل لذت منزل سے زیادہ اسی سفر کی ہے‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’ آپ کو زندگی کے دوران بہت سے چیزوں کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن اس کے لئے آپ کو تیار رہنے کی ضرورت ہے۔
منزل کی جانب گامزن راستے میں جو موقع ملے اسے تھام لو اور جو چیز تم کے لئے نہیں ہے اسے چھوڑ دو۔ یقیناً آپ کئی مرتبہ فیل ہوں گے ہر کوئی ہوتا ہے، تاہم اپنی سوچ منزل کی طرف رکھ کر دوبارہ کوشش کرتے جاؤ۔
My journey and life’s lessons explained to a 15-year old me. Well, I tried my best writing this down. Do give it a read. ? #NoteToSelf pic.twitter.com/qwoEiknBvA
— Virat Kohli (@imVkohli) November 5, 2019
اس دوران آپ کو بہت سے لوگ پسند کریں گے اور کچھ آپ کو ناپسند بھی کریں گے تاہم آپ ایسے لوگوں کی پرواہ نہ کرنا جنہیں آپ جانتے ہی نہیں۔
ویرات کوہلی نے لکھا کہ ’ چیکو مجھے معلوم ہے کہ آپ اس وقت ان جوتوں کے بارے سوچ رہے ہو جو ابو نے خرید کر نہیں دیئے لیکن یہ اس احساس کے آگے کچھ بھی نہیں جب صبح کے وقت ابو اٹھ کر آپ کو گلے لگاتے اور آپ کے قد کے حوالے مزاق کرتے‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’ ابو کا خیال رکھنا میں جانتا ہوں کہ وہ کبھی کبھی سختی کرتے ہیں لیکن وہ ہماری بھلائی چاہتے ہیں اِسی لیے ایسا کرتے ہیں، ہمیں لگتا ہے کہ والدین ہمیں سمجھتے نہیں ہیں لیکن یقین کرو کہ صرف ہمارے گھر والے ہی ہم سے محبت کرتے ہیں، آپ بھی اُن سے پیار کرو، اُن کا احترام کرو، اُن کو وقت دو اور والد صاحب سے کہو کہ میں آپ سے پیار کرتا ہوں اور روزانہ اُنہیں بتاؤ کہ تُم اُن سے کتنا زیادہ پیار کرتے ہو۔‘