اسلام آباد: سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرونانک کی انسانیت کے لیے کی گئی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حکومت پاکستان نے یادگاری سکے کے بعد یادگاری ٹکٹ کا اجرا بھی کر دیا ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے یہ یادگاری ٹکٹ سکھ یاتری کرتارپور کمپلیکس کے ڈاک خانے سے خرید سکیں گے۔
یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔
یادگاری ڈاک کی مالیت ٹکٹ آٹھ روپے ہے اور یہ کرتار پور راہداری کھولنے کے دن سے ہی فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔
بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ کے سسلے میں حکومت پاکستان نے یہ اقدامات اٹھائے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل حکومت پاکستان کی جانب سے بابا گرونانک کی تصویر والا یادگاری سکہ بھی جاری کیا گیا تھا۔
50 روپے مالیت کے اس سکے کی ایک جانب اسلامی جمہوریہ پاکستان اور قومی نشان کنندہ ہے جب کہ دوسری طرف گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کی تصویر بنائی گئی ہے۔
سکے پر گرونانک دیو جی 1469 – 2019 کے الفاظ بھی درج ہیں۔
یاد رہے کہ بابا گرونانک کا 550واں جنم دن اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس دن کی تقریبات کے لیے پاکستان کرتارپور راہداری کا افتتاح کرے گا۔
کرتارپور راہداری سکھوں کے پاکستان میں موجود مذہبی مقامات تک آسان رسائی کے لیے بنایا گیا منصوبہ ہے۔
کرتارپور میں تعمیر کیا گیا گردوارا دنیا کا سب سے بڑا گردوارا ہے، 42 ایکڑ رقبے پر صرف گردوارا ہے اس کے باہر کا علاقہ بھی قریباً 4 یا 5 سو ایکڑ سے زیادہ ہے جو کہ منصوبے میں شامل ہے۔
منصوبے میں سکھوں کی مقدس جگہ جہاں بابا گرونانک خود کاشتکاری کرتے تھے محفوظ کر لی گئی ہے، اس کے علاوہ انتظار گاہ اور شاپنگ ایریا بھی بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ وہاں بسوں کے رکنے کی جگہ بھی ہے ساتھ ہی ایمرجنسی اور میڈیکل سروسز سنٹرز اور کلینکس بھی بنائے جا رہے ہیں۔