وزیراعظم کو مستعفی ہونے کے لیے دو دن کی مہلت

انسانوں کا سمندر وزیراعظم کو گرفتار کرسکتا ہے، سربراہ جے یو آئی (ف)


اسلام آباد: امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور امن کے دائرے میں ہیں وگرنہ یہ انسانوں کا سمندر اس بات کی قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گرفتار کرسکتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دینے کے لیے دو دن کی مہلت دیتا ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کو مزید مہلت نہیں دے سکتے ہیں۔

سردی کی بارش میں بھیگتے ہوئے لوگوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کی غیرجانبداری چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کو طاقتور دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ کسی ایک جماعت کااجتماع نہیں ہے بلکہ یہ پاکستانی قوم کااجتماع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرصرف عوام کا حق ہے اور وہ اب موجودہ حکومت کو مزید مہلت دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

امیر جے یو آئی (ف) نے کہا کہ یہ کسی ایک جماعت کااجتماع نہیں ہے بلکہ یہ پاکستانی قوم کااجتماع ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں جلسےمیں شریک تمام کارکنان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پوری دنیا اس اجتماع کوسنجیدگی سے لے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم انصاف چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسے نظام کے قیام کے خواہش مند ہیں جہاں انصاف اور عدل کی حکمرانی ہو۔

مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ 2018 کے عام انتخابات فراڈ تھے جس کے نتائج کو ہم نے تسلیم نہیں کیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم موجودہ حکومت کو مزید مہلت نہیں دے سکتے ہیں۔

آزادی مارچ میں دوغلے معیار، کیا خواتین صرف ہتھیار ہیں؟

ملک کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت بحران کا شکار ہے اور سوویت یونین معاشی بدحالی کی وجہ سے ٹوٹا تھا۔ انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان کے گورباچوف اپنی ناکامی کا اعتراف کریں اور اقتدار سے الگ ہوجائیں۔

امیر جے یو آئی (ف) نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکمرانوں نے کشمیرکا سودا کیا ہے لیکن ہم کشمیریوں کے حق کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہتے ہیں کہ بھارت سےکشیدگی ہے مگر دوسری طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ مہنگائی و بیروزگاری کی وجہ سے لوگ خودکشی کررہے ہیں مگر اب ان کو مزید کسانوں و غریبوں کی تقدیر سے کھیلنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ  گھر بنانے کا وعدہ کر کے 50 لاکھ گھرگرادیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا لیکن 25 لاکھ بیروزگار دیے۔

عمران خان حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہا جاتا تھا کہ لوگ باہر سے یہاں نوکریوں کی تلاش میں آئیں گے مگر یہاں تو اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کا چیئرمین باہر سے آیا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کا بھیجا ہوا بندہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ جب اسرائیل کا وجود قیام میں آیا تو انہوں نے اپنی خارجہ پالیسی کی بنیاد پاکستان کے خاتمے پر رکھی تھی مگر یہ کس قسم کے لوگ ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کواسلام سے جدا نہیں کیا جا سکتا ہے۔

آزادی مارچ کی آمد پر اسلام آباد کا سیکیورٹی پلان، پولیس ، رینجرز ، فوج تعینات ہو گی

آزادی مارچ کے شرکا سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ تودورکی بات ہے ایک سال میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ پر عائد قدغنیں ہٹاؤ کہ ہم کسی پابندی کے پابند نہیں ہیں۔

عوام الناس کی جانب سے سردی کی بارش میں لگائے جانے والے نعروں کی گونج میں انہوں نے کہا کہ عوام کا فیصلہ آچکا ہے اب اس حکومت کو جانا ہی ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کےساتھ تصادم نہیں چاہتے ہیں مگر توقع رکھتے ہیں کہ ادارے غیر جابندار رہیں گے۔


متعلقہ خبریں