واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ کی جانب سے ملاقات کا دعوت نامہ قبول کر لیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں سربراہوں کے درمیان ملاقات مئی کے آخر میں متوقع ہے۔
ترجمان وائٹ ہاوس سارہ سینڈرزکے مطابق صدرڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے وفد سے ملاقات کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں جوہری ہتھیار کم کرنے پربات ہوگی۔ تاہم شمالی کوریا پرعائد پابندیاں کسی بھی معاہدے تک برقراررہیں گی۔
اس سے قبل بھی امریکا نے شمالی کوریا سے مذاکرات میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ جسے شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کی شرط عائد کرنے پر مسترد کردیا تھا۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کےقومی سلامتی کے مشیر چنگ ایوینگ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما نے مزید کوئی میزائل نہ بنانے اور جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا وعدہ کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں بیان دیا تھا کہ کم جونگ ان مشکل وقت سے اچھی طرح نمٹنے والے ‘ہوشیار’ رہنما ہیں۔ اگر حالات سازگار ہوئے تو وہ شمالی کوریا کے صدر سے ملنے کو اعزاز کی بات سمجھیں گے۔
اس سے قبل 26 فروری کو شمالی کوریا کے صدرکم جونگ ان نے جوہری پروگرام پرامریکا سے مذاکرات کرنے پر رضامندی کا اظہارکیا تھا۔
دنیا میں جوہری و کمیائی ہتھیاروں کے سب سے زیادہ ذخائر رکھنے والے امریکا کی خواہش ہے کہ شمالی کوریا اپنی جوہری قوت میں اضافے کے پروگرام کو روک دے۔