آزادی مارچ: مولانا، شہباز شریف میں ٹیلیفونک رابطہ


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ 

ذرائع جے یو آئی (ف) کے مطابق گفتگو کے دوران مولانا نے شہباز شریف سے نواز شریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان آزادی مارچ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آزادی مارچ کی صورت حال

27 اکتوبر کو کراچی سے شروع ہونے والا جے یو آئی (ف) کا آزادی مارچ لاہور سے روانہ ہو کر آج شب راولپنڈی میں قیام کرے گا اور کل وفاقی دارالحکومت میں داخل ہوگا۔

آزادی مارچ کا قافلہ ٹھوکر نیاز بیگ چوک سے ملتان روڈ کھاڑک نالہ، سکیم موڑ، یتیم خانہ چوک، موڑ سمن آباد، چوبرجی چوک، ایم اے او کالج چوک، سیکرٹریٹ سے کچری چوک، داتا حضور لوئر مال سے آزادی فلائی اور نیازی شہید چوک سے براستہ شاہدرہ جی ٹی روڈ اسلام آباد کیلئے روانہ ہوا ہے۔

مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے ٹھوکر نیاز بیگ چوک، چوک یتم خانہ، موڑ سمن آباد، چوبرجی، داتا صاحب، آزادی فلائی اوور اور نیازی شہید چوک میں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے۔

اسلام آباد کے راستوں میں مختلف مقامات پر حلیف جماعتوں کی جانب سے استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ ن لیگ، پیپلپزپارٹی اور جے یو آئی کا بڑا استقبالیہ کیمپ روات ٹی چوک پر لگے گا جہاں سے قافلہ اسلام آباد میں داخل ہوگا۔

تا دم تحریرموصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے تمام داخلی اور خارجی راستے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں تاہم اہم گزرگاہوں کے کناروں پر کنٹینر رکھے ہوئے ہیں۔

مارچ کے دوران کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں