اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ن لیگی رہنما مریم نواز کو بھی ضمانت پر رہا کیا جائے۔
ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کے 22 جولائی کے اے سی اور ٹی وی واپس لینے کے اعلان پر اے سی بھی واپس کر دیا اور ٹی وی بھی جب کہ ضمانت کی درخواستیں بھی واپس لے لیں۔
پروگرام میں شریک پاکستان تحری انصاف کے رہنما صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے نہ تو نوازشریف باہر جانے دے اور نہ ڈی چوک میں جلسے کی اجازت دے۔
نواز شریف کے باہر جانے پر ن لیگ کی رہنما شائستہ پرویز ملک کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم علاج کے لئے خود ہی باہر نہیں جانا چاہتے ہیں وہ تو سروسز اسپتال بھی نہیں جانا چاہتے تھے۔
نوازشریف کی علالت پر آزادی مارچ کے موخر ہونے کے سوال پر جے یو آئی کے حافظ حسین احمد کا کہنا تھا اس فیصلے کا اختیار رہبر کمیٹی کے پاس ہے وہی فیصلہ کر سکتی ہے۔