بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، پاک فوج کا سپاہی، پانچ شہری شہید



اسلام آباد: بھارتی فورسز نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس کا بھرپور انداز میں جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے نو بھارتی فوجی ہلاک کردیے۔

پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ بھارتی فورسز نے جورا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی افواج کی جانب سے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاک فوج کی جوابی کاروائی سے 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے جبکہ دو فوجی بنکرز بھی تباہ کردیے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک سپاہی اور پانچ شہری شہید جبکہ دو سپاہی اور پانچ شہری زخمی بھی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی سےبھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں جبکہ بھارتی فوج اپنے اہلکاروں کی لاشیں اور زخمیوں کو اٹھانےمیں مصروف ہے۔

میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت مبینہ دہشت گرد کیمپس کا جواز بنا کر شہری آبادی کو نشانہ بنارہا ہے، بھارتی فوج نے اپنے ہلاک اور زخمی فوجیوں کو اٹھانے کے لئے سفید جھنڈا بھی لہرا دیا۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے لاس نائیک زاہد خان شہید ہوئے جبکہ زخمی ہونے والے شہریوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصر فوجی گروپ، مقامی اور غیر ملکی میڈیا آزاد کشمیرمیں کہیں بھی جاسکتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں کسی کو جانے کی آزادی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو اشتعال انگیزیوں سے پہلے سوچنا چاہئے تھا۔


متعلقہ خبریں